ہاؤس ریکوزیشن سمیت دیگر مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف بیوٹمز ملازمین کا احتجاجی کیمپ قائم

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے ملازمین نے ہاؤس ریکوزیشن سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لئے سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کیخلاف احتجاجی کیمپ قائم کردیا، کیمپ میں ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت۔ بدھ کو بیوٹمز ملازمین نے ہاؤس ریکوزیشن سمیت دیگر مطالبات منظور نہ کرنے اور یقین دہانی کے باوجود جامعہ کی سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس طلب نہ کرنے کیخلاف سر سید بلاک میں احتجاجی کیمپ قائم کردیا جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور احتجاج ریکارڈ کروایا۔ کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بیوٹمز ملازمین گزشتہ ایک سال سے ہاؤس ریکوزیشن، ڈی آر اے کے بقایاجات کی ادائیگی، آرڈرلی الاؤنس سمیت دیگر حقوق کے حصول کے لئے پرامن طور پر احتجاج کررہے ہیں، جامعہ کی انتظامیہ کی جانب سے ملازم دشمن پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آر اے 2021ء کے بقایا جات تاحال ادا نہیں کیے گئے، ساتھ ہی ملازمین کو یقین دہانی کروانے کے باوجود سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اب مزید زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ ہمارا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہیگا جب تک سنڈیکیٹ کی میٹنگ منعقد نہیں ہوتی۔ شرکاء نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مطالبات پر پیشرفت نہیں کی گئی تو احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں