حقیقی آزادی مارچ نااہل امپورٹڈ حکومت کے خاتمے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، قاسم سوری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر او سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے صوبائی سینئر نائب صدر سید صادق آغا کی جانب سے تیار کردہ حقیقی آزادی مارچ کنٹینر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ، قائم مقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل، سردار خادم حسین وردگ، ایڈیشنل صوبائی جنرل سیکرٹری ملک نصیب اللہ بیٹنی، باری بڑیچ، نور خان خلجی، زولیخا مندوخیل، لالا غلام محمد بڑیچ، نیاز ملاخیل، ملک زادہ یحیی کاکڑ، برات خان خلجی اور دیگر سینئر قیادت، عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر او ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سینئر سید صادق آغا کی محنت اور جذبہ قابل تحسین ہے جو حقیقی آزادی مارچ کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں کیونکہ حقیقی آزادی مارچ کا مقصد ایک جہاد ہے جو کرپٹ، نااہل، اپنی چوریاں اور کیسیز چھپانے والے امپورٹڈ حکومت کے خاتمے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، حقیقی آزادی مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت نے امپورٹڈ حکومت کی نیندیں حرام کردیں جسکی وجہ سے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں لیکن پاکستانی عوام انکے نام نہاد مذہب پرستی، قوم پرستی اور ذاتی مفادات کے لئے سرزمین اور ضمیر کا سودا کرنے والوں سے باخبر ہوچکے ہیں جسکی دلیل آج کے افتتاح میں کارکنان کی پرجوش شرکت ہے، حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے پورے ملک کی طرح بلوچستان کے نوجوانوں کی محنت، دلچسپی اور جدوجہد تاریخی ہے جو حقیقی آزادی کی راہ میں صف اول کا کردار ادا کرینگے۔


