گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول بلوچ محلہ سربندن میں سہولیات مہیا کی جائیں، سول سوسائٹی نیٹ ورک
گوادر (انتخاب نیوز) سول سوسائٹی نیٹ ورک سربندن کی ایگزیکٹو باڈی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول بلوچ محلہ سربندن کا تفصیلی دورہ کیا۔ سروے میں اسٹاف، بلڈنگ، درس و تدریس، صفائی، بنیادی ضروریات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرکے مسائل کے ممکنہ حل کیلئے ڈی ای او گوادر اور متعلقہ حکام بالا سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ کمروں کی تعداد 3، اساتذہ 2 جبکہ طالبات کی تعداد 126 ہے۔ کلاس رومز کی مرمت خصوصاَ چھت کی معمولی مرمت، دروازے اور کھڑکیوں کی مرمت، واش روم کی مرمت، چار دیواری کی تعمیر، بجلی کنکشن یا سولر سسٹم کی عدم دستیابی، واٹر پمپ (موٹر) اور ڈیسکوں کی مرمت، پنکھوں اور درسی کتب کی کمی اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی گئی۔ بجلی کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے بیت الخلاء کے لیے پانی کی سپلائی متاثر ہے، بیت الخلاء گندے ہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، گرمیوں کے موسم میں طالبات اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اساتذہ کی حاضر باشی اور محنت حوصلہ افزائی کے قابل ہے۔ طالبات لکھائی اور پڑھائی میں اچھی ہیں۔ طالبات کو بیماریوں سے بچانے کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک خالی کرکے صفائی گئی جو خوش آئند ہے۔ ضرورت کے پیش نظر اسکول کو بطور مڈل اپ گریڈ کرکے 15 اسامیاں تخلیق کرنے کی ضرورت ہے۔


