موسمی صورتحال کے باعث بلوچستان میں گیس صارفین کیلئے خصوصی ٹیرف بنایا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا وزیراعظم کو مراسلہ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو ارسال کئے گئے ایک مراسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی کو ختم کرنے اور اسے ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لانے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قدرتی گیس ابتدائی طور پر بلوچستان میں دریافت ہوئی اور ملک 1955 ء سے سوئی گیس فیلڈ سے پیدا ہونے والی کم قیمت کی گیس سے مستفید ہورہا ہے، سوئی فیلڈ سے گیس کی کم قیمت کے نتیجے میں گیس کی وزنی اوسط لاگت میں کمی آئی ہے سوئی فیلڈ سے گیس کا دو تہائی حصہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ SNGPLکو دیا جاتا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ SSGCL کے لیئے صرف ایک تہائی گیس مختص کی جاتی ہے جو کہ بلوچستان میں 300,000 صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے جن میں زیادہ تعداد گھریلو صارفین کی ہے۔ سخت سردی اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی صورتحال کے باعث بلوچستان میں خصوصی ٹیرف متعارف کرانے کی ضرورت ہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے انتظامات سے صوبے میں معیار زندگی بلند ہوگا اور SSGCL پر بوجھ کم ہو گا اس لیے درخواست کی جاتی ہے کہ وزارت توانائی پیٹرولیم ڈویژن بلوچستان کے لئے خصوصی گیس ٹیرف متعارف کرائے۔


