اسلام آباد کی استعماری و آمرانہ قوتیں افغان دشمنی کی پالیسی پر گامزن ہیں، این ڈی ایم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی بیان میں پارٹی چیئرمین رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر تاجکستان میں افغانستان کے حوالے سے ہرات سیکورٹی ڈائیلاک میں شرکت سے روکنے کے غیرآئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افغان دشمنی کا عمل قرار دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ اقدام افغان دشمنی کے ساتھ ساتھ ملکی پارلیمنٹ اور وفاقی جمہوری پارلیمانی نظام کی توہین پر مبنی ہے جو ملک میں استعماری و آمرانہ قوتوں نے روز اول سے جاری رکھی ہے جس کی وجہ سے آج ملک بدترین سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں کا شکار ہوکر عالمی برادری میں تنہا ہوچکا ہے اور حکمران طبقات کے مابین اقتدار کی کشمکش انتہا کو پہنچ چکی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی استعماری و آمرانہ قوتیں اور حکمران طبقات آج بھی افغان دشمنی اور جنگی نظریات کی تباہ کن پالیسی پر گامزن ہیں۔ افغانستان میں افغان عوام کی منتخب جمہوری حکومت کو طاقت اور سازشوں کے ذریعے ختم کرکے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن افغانستان کو تاریکی اور وحشت کا شکار بنانے اور پشتونخوا وطن پر دہشت گردی ایک بار پھر مسلط کی جارہی ہے جس کیخلاف افغانستان سمیت پشتونخوا وطن میں عوام کی جمہوری مزاحمت جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی چیئرمین رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو ہرات سیکورٹی ڈائیلاک میں شرکت سے روکنے کے شرمناک عمل جیسے اقدامات کے ذریعے پارٹی چیئرمین اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کو پشتون افغان عوام اور ملک کے محکوم اقوام و عوام کی حق اپنی موقف اور جدوجہد سے ہر گز دستبردار نہیں کیا جاسکتا۔


