پولیس ٹرک پر 20 سے 25 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، حملہ خودکش ہوسکتا ہے، ڈی آئی جی کوئٹہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر رکشے میں سوار خودکش حملہ آور نے حملہ کیا ہے جس میں 20 سے 25 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے، دھماکے میں پولیس اہلکار ٹرک الٹنے کے نتیجے میں اس کے نیچے آکر جاں بحق ہوا، 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے، پولیس تحقیقات کررہی ہے مذکورہ اہلکار پولیو مہم کے دوران اپنی ڈیوٹی پر متعلقہ پوائنٹ پر جارہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ پولیس اپنے فرائض کی بجا آوری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلیلی کے علاقے میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ عبدالحق عمرانی بھی موجود تھے، ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بلوچستان کانسٹیبلری کا ٹرک پولیس اہلکاروں کو پولیو مہم میں ان کے پوائنٹ پر ڈیوٹی کے لئے چھوڑنے کے لئے جارہا تھا کہ بلیلی کے علاقے میں ایک رکشے میں سوار شخص نے ٹرک کے ساتھ ٹکرایا اور زور دھماکہ ہوا اور ٹرک الٹ کر کھائی میں جاگرا اس کے نیچے دب کر پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، ٹرک میں سوار20 کے قریب اہلکاروں سمیت 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ رکشے کے قریب سے ایک نعش ملی ہے جو خودکش حملہ آور کی لگ رہی ہے تا حال تحقیقات جاری ہے یا تو بارودی مواد رکشے میں موجود تھا یا پھر خودکش حملہ آور نے ہٹ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھماکے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں اور دھماکے میں 20 سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، کرائم سین سے ملنے والے شواہد یہی بتارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں