خان صاحب تو کہتے تھے ان کے ساتھ بیٹھنے سے بہتر ہے میں مر جاؤں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد :وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ ہمارا موقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، خان صاحب تو کہتے تھے کہ ان کے ساتھ بیٹھنے سے بہتر ہیں کہ میں مر جاؤں، اللہ ان کو زندگی دے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم اسمبلیاں توڑنے کے عمل کو ویلکم نہیں کرتے، غیر جمہوری سمجھتے ہیں، اگر یہ اسمبلیاں توڑنا چاہتے ہیں تو توڑ دیں، ذمے داری ان کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور لوگ بیٹھتے ہیں تو ڈیڈ لاک ختم ہوتے ہیں اور راستے نکلتے ہیں، پی ڈی ایم کا موقف رہا ہے کہ گفتگو نہ کرنے کی باتیں غیر سیاسی اور غیر جمہوری ہیں، پی ڈی ایم کی قیادت بات کرنے اور بیٹھنے سے انکاری نہیں ہوگی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم سیاسی معاملات کو سیاسی انداز سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اگر یہ اسمبلیاں توڑتے ہیں تو ہم بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے، الیکشن کی صورت میں انہیں پنجاب میں شکست دیں گے اور اکثریت لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں