موہن جو دڑو اور مہڑ گڑھ کی قدیم تاریخ دونوں صوبوں کی پہچان ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سندھی قوم کو سندھی ٹوپی اجرک کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنی تہذیب و ثقافت کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف قوموں کا خوبصورت گل دستہ ہے، یہاں آباد تمام قومیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور ہم بحیثیت پاکستانی ایک متحد قوم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہر قوم کی اپنی ثقافت کے رنگ ہیں جو ایک سے بڑھ کر ایک ہیں سندھی ادب،موسیقی کھانے اور پہناوے اپنے اندر ایک خصوصی کشش رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ کی تہذیب و ثقافت میں بہت زیادہ مماثلت ہے اور دونوں صوبے قدیم تاریخ و ثقافت کے حامل خطے ہیں وادی سندھ اور مہڑ گڑھ کی قدیم تاریخ دونوں صوبوں کی پہچان ہے۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں آباد سندھی بھائیوں کو بھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان میں رہنی والی تمام اقوام کو پھلتا پھولتا رکھے اور ہم سب ملکر پاکستان کی خدمت کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں