جیونی میں کوسٹ گارڈ کی فائرنگ سے کیماڑی کراچی کا ماہی گیر جاں بحق، ایک زخمی

گوادر (انتخاب نیوز) جیونی میں کوسٹ گارڑ کی فائرنگ سے سندھ کا ماہی گیر جاں بحق ایک شدید زخمی،سندھ کا ٹرالر بلوچستان کے سمندر میں غیرقانونی طور پر ماہی گیری کررہا تھا،واقعہ کی اطلاع سوشل میڈیا کے زریعے ملا ،ایس ایچ او گوادرتفصیلات کے مطابق جیونی کے سمندر پاکستان کوسٹ گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے سندھ سے تعلق رکھنے والا ایک ماہی گیر ابراہیم ولد جمعہ جاں بحق اور زین ولد سعداللہ نامی ماہی گیر شدید زخمی ہوا ہے۔ آمدہ اطلاعات کے مطابق جیونی سمندر میں غیرقانونی شکار میں مصروف سندھ کے ٹرالر سفینہ محمد کا ماہی گیر گولی کا نشانہ بنا ہے ٹرالر میں 22 کے قریب ماہی گیر سوار تھے۔واقعہ سے متعلق کوسٹ گارڑ کے ذرائع سے معلوم کیا تو انہوں نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل اورماڑہ کے سمندر میں سندھ کے ٹرالر میں سوار ماہی گیروں کی جانب سے مقامی ماہی گیروں پر حملہ اور فائرنگ کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جیونی میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی ٹرالر کے مالک کا نام محمد علی ولد عبدالرزاق جو کہ کیماڑی کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ مذکورہ واقعہ کے حوالے سے جب ایس ایچ او جیونی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ واقعہ جیونی کے سمندر میں 21 ناٹیکل میل کے اندر پیش آیا اور اس واقعہ کی اطلاع انہیں بذریعہ سوشل میڈیا ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ پانچ دسمبر کو پیش آیا ہے جبکہ جیونی پولیس تھانہ میں کسی بھی قسم کی رپورٹ درج نہیں کی گئی۔ ایس ایچ او جیونی کے مطابق جاں بحق ماہی گیر کو بذریعہ ایمبولینس کراچی منتقل کردینے کی اطلاع بھی درست نہیں ہے، اس کی اطلاع کے مطابق لاش بذریعہ سمندر کراچی منتقل کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں