مسلح افراد نے گھر پر فائرنگ، اہلخانہ پر تشدد، زمین سے بے دخل کرنے کی دھمکیاں دیں، نوشکی کے متاثرین کی فریاد
نوشکی (انتخاب نیوز) کوچکی چاہ مل کے رہائشی حاجی مولا بخش محمد حسنی، جمیل احمد محمد حسنی اور زر خاتون نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام لگایا گزشتہ روز شفیع محمد محمد حسنی، سلطان محمد حسنی نے درجنوں مسلح افراد کے ہمراہ ہمارے گھر پر دھاوا بول دیا، ہوائی فائرنگ کی، ڈنڈوں لاٹھیوں سے حملہ کیا، چادر اور چار دیواری کی پامالی کرتے ہوئے گھر کے تمام سامان کو نذر آتش کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلح افراد ہمارے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے بھی لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 35 سال پہلے زمین خریدی تھی جس کی دستاویزات بھی ہمارے ساتھ موجود ہے لیکن ہمارے مخالفین زمین سے ہمیں بے دخل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کرکے ہمیں تنگ کررہے ہیں، ہم کسی صورت میں بھی اپنی زمین سے دستبردار نہیں ہوں گے اور کسی قربانی سے بھی دریخ نہیں کریں گے۔ ہم کمشنر رخشان ڈویژن ڈپٹی کمشنر نوشکی سے مطالبہ کرتے ہیں وہ فوری طور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے ہمیں انصاف دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث 12 کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے۔ اس سلسلے میں علاقائی معتبرین بھی اپنا کردار ادا کریں، بصورت دیگر حالات کی ذمے داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔


