ڈیورنڈ لائن پر پشتون عوام سے ناروا سلوک کیخلاف آواز اٹھانے پر پی ٹی ایم رہنماؤں کوگرفتار کیا گیا، رضا محمد رضا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سابق سینیٹر رضا محمد رضا پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر عبیداللہ جان بابت، پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان اور پارٹی کے صوبائی نائب صدر محمد یوسف خان کاکڑ اور پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی نے چمن میں پی ٹی ایم کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے گرفتار رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمن ڈیورنڈ لائن پر عوام کے ساتھ غیر انسانی اور تو ہین آمیز برتاؤ ہو رہا ہے۔ پی ٹی ایم نے افغان دشمن اقدامات کیخلاف چمن میں پرامن جلسے عام کا اہتمام کیا ہے جو قابل تحسین ہے اور یہ امر افسوس ناک ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے افغان عوام کیخلاف غیر انسانی برتاؤ ختم کرنے اور افغان عوام کے ساتھ احترام اور بھائی چارے کا سلوک کرنے کے بجائے پی ٹی ایم اور پشتون عوام کے پرامن احتجاج کو جابرانہ اور آمرانہ اقدامات سے ختم کرنے کا ناروا طرز عمل اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے برحق مطالبات کو پشتونخوامیپ اور تمام وطن پال عوام کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی پی ٹی ایم کے احتجاجی جلسہ عام کو کامیاب بنائیں۔


