افغان وزیر خارجہ امیر متقی کا بلاول کو فون، پاکستانی ناظم الامور پر حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد(انتخاب نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کے سفارتی عملے کی حفاظت انتہائی اہم ہے، افغان حکومت تخریب کار عناصر کو پاکستان، افغانستان تعلقات خراب کرنے سے روکے، پاکستان ایسے بزدلانہ حملوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوگا۔ پاکستانی سفارتخانے کابل پر حملے کے تناظر میں افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا ہے۔ اس موقع پر افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ امیر خان متقی نے تخریب کاری سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا جبکہ قائم مقام افغان وزیر خارجہ نے سیکیورٹی گارڈ اسرار محمد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناﺅں اور دعاﺅں کا اظہار بھی کیا۔ افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ا فغان حکومت گھناﺅنے حملے کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یکجہتی کے بھرپور اظہار پر عبوری افغان حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر خارجہ نے تخریب کاری کے خلاف جنگ میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کے سفارتی عملے کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، افغان حکومت تخریبکار عناصر کو پاکستان، افغانستان تعلقات خراب کرنے سے روکے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان ایسے بزدلانہ حملوں سے کبھی مرعوب نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں