چاغی کے 33 دیہات کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرکے بجلی فراہم کی جائے گی، ہاشم نوتیزئی

دالبندین (انتخاب نیوز)وزیر مملکت برائے توانائی میر محمدہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ ضلع چاغی کے 33 دیہات کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرکے بجلی فراہم کی جائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 2000ملین روپے کے مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کے دوران انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی، ڈیمز کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی معیار زندگی بلند ہوگا وزیر مملکت برائے توانائی میر محمدہاشم نوتیزئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے رخشان ڈویژن اور قلات ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی کمی پوری کرنے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جبکہ دالبندین کو ڈویژن کا درجہ دے کر شہر میں ایک اور فیڈر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں انہوں نے پوستی ڈیلے ایکشن ڈیم کا افتتاح کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی اور وفاقی سرکاری اداروں کی ملازمت اور تعلیمی اداروں کے نشستوں کے کوٹے پر رخشان ڈویژن کا حصہ یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اس سلسلے میں انہوں نے ازخود کمشنر رخشان ڈویژن کو بھی گوش گزار کیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن میں تین سے چار ہزار آسامیاں خالی ہیں جن پر بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا جس کے تحت صرف ضلع چاغی میں 100نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں