ریکوڈک پر سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، مذکورہ منصوبہ نہ ہوتا تو سرکاری ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل سکتیں، قدوس بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدلقدوس بزنجو نے ریکوڈک منصوبے کے معاہدے پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک اورصوبے کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کے معاہدے کی شفافیت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے عزم اور کاوشوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ منصوبے کے حوالے سے نیت صاف تھی اللہ نے ساتھ دیا۔ مذکورہ معاہدے کی شفافیت اور اسے پورے صوبے کی عوام کے لیئے سود مند بنانے کے لئے معاہدے سے قبل پوری اسمبلی کو اعتماد میں لیا کوئی چیز نہیں چھپائی تاکہ اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں اور معاہدہ علاقے اور عوام کے لئے خوش آئند ثابت ہو۔ وزیر اعلیٰ ٰنے اس امر کا اظہار کیا کہ کسی بھی معاہدے کی کامیابی کا انحصار قیادت کی بصیرت اور دور اندیشی پر ہوتا ہے اور قیادت ہی بر وقت فیصلے کرکے معاہدوں سے اپنی عوام کے لئے بیش بہا فوائد لاتی ہے ماضی میں صوبے کے وسائل کے حوالے سے فیصلے بند کمروں میں عوام سے چھپ کر ہوا کرتے تھے مگر ہم نے ماضی کی روایات سے ہٹ کر تمام فیصلوں میں منتخب نمائندوں اور سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ عوام اور صوبے کے مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا اور بروقت فیصلہ لیتے ہوئے ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کے لئے بغیر انوسٹمنٹ 25فیصد شیئر کے حصول کو یقینی بنایا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کے عوام سے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ ملک اور بالخصوص بلوچستان کے معاشی حالات کو بدل کر رکھنے کا وعدہ ہے۔ ریکوڈک منصوبہ نہ ہوتا تو بلوچستان میں سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاسکتیں۔ بلوچستان میں اساتذہ کو اتنی تنخواہیں دیں گے کہ کوئی اے سی اور ڈی سی لگنے کی خواہش نہیں کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں