اضافی فیڈروں کی تنصیب کے باوجود بجلی کی بندش نے شہریوں کا جینا محال کردیا، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار
خضدار (انتخاب نیوز) آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحمید بلوچ و دیگر ممبران نے بجلی کی طویل بندش، اضافی لوڈ شیڈنگ اور جمپر کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بحران کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر اور عوام کو شدکد تکالیف و مشکلات کا سامنس ہے گزشتہ سال اس وقت کے ایکسیئن کیسکو نے ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کی موجودگی میں یقین دھانی کرائی تھی کہ چند ہی ماہ میں اضافی فیڈروں کی تنصیب کے بعد بجلی کی طویل بندش، اضافی لوڈ شیڈنگ اور جمپر کٹائی کا سلسلہ ہمیشہ کے لیئے ختم کردیا جائیگا بلکہ لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی جائیگی لیکن اضافی فیڈروں کی تنصیب کے باوجود بجلی فراہمی کی صورتحال گزشتہ سال سے بھی ابتر ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کی وجہ سے شہریوں کی زندگی مشکلات کا شکار ہے شدید سردی میں شہری بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوامی سطح پر بے چینی پائی جاتی ہے کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر خضدار اور ایکسیئن کیسکو خضدار کو موجودہ صورتحال کا نوٹس لینا چاہیئے بصورت دیگر بجلی کی عدم فراہمی و طویل بندش کے خلاف احتجاج پر مجبور ہونگے۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و دیگر ممبران نے کہا کہ ایک طرف بجلی بحران نے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے تو دوسری طرف چوروں اور ڈاکووں کے سامنے شہری عاجز آچکے ہیں۔شہر پر اندھیروں کا راج ہے اور جرائم پیشہ عناصر اس کا بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔کسی کا گھر محفوظ ہے اور نہ ہی مغرب کے بعد کسی سڑک پر سے گزرنا خطرے سے خالی ہے۔موبائل فونز و موٹر سائیکل چھیننے جیسے واقعات کے ساتھ گھروں میں داخل ہوکر چوری کی وارداتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ تحفظ فراہم کرنا بھی سول انتظامیہ پولیس فورس و دیگر متعلقہ اداروں کی زمہ داری ہے۔اگر انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں تو ایسی افسوناک صورتحال پر خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی فراہمی کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کے لیئے فوری اقدامات کیئے جائیں۔


