بلوچستان میں سیلاب زدگان کی امداد نہیں ہورہی، احتجاجاً ریلیف نگرانی کمیٹی سے استعفا دیا، سینیٹر عمر کاسی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سینیٹر نوابزادہ عمر فاروق کاسی نے سیلاب کے بعد ریلیف کے کاموں کی نگرانی کے لئے قائم کمیٹی سے احتجاجاً استعفا دے دیا۔ سینیٹر نوبزادہ عمر فارق کاسی نے پیرکو سیلاب کے بعد این ڈی ایم اے اور دیگر وفاقی اداروں کی جانب کیے جانے والے ریلیف کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی سے استعفا دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ کمیٹی کے قیام کے بعد اس کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا اور نہ ہی بلوچستان کے کسی علاقے میں امدادی کام کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کو اس وقت حکومتی امداد کی ضرورت ہے لیکن ایسا کچھ نہیں کیا جارہا، لہٰذا میں کمیٹی کی پیشرفت سے مطمئن نہیں جسکی وجہ سے بطور رکن کمیٹی سے مستعفی ہورہا ہوں۔ نوابزادہ عمر فاروق کاسی نے پیر کو سینیٹ اجلاس میں ریکوڈک سے متعلق قانون سازی پر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔


