جلد بازی میں اسمبلی اجلاس بلا کر چوری چھپے قرار داد پاس کرنا بلوچستان کے عوام کیساتھ زیادتی ہے، اپوزیشن رہنما
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جس طرح چپکے سے قرار داد منظور کی گئی اس میں بلوچستان اسمبلی کے تقدس کا خیال نہیں رکھا گیا قانون سازی کیلئے ضروری ہے کہ پہلے قائمہ کمیٹی کی سے قرار داد منظور کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے ارٹیکل 144کے تحت جو بھی قرار داد اراکین اسمبلی کی مرضی کے بغیر پاس ہو اس قرارداد کو 60دن کے اندر واپس کیا جا سکتا ہے، اسمبلی اجلاس پیر کے روز 12دسمبر کو سہ پہر3بجے رکھا گیا تھا لیکن جلد بازی میں ہفتے کو اجلاس بلا کر چوری چھپے قرار داد پاس کرنا بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے، 18ویں ترمیم کے تحت ہمیں جو اختیارات ملے تھے اپنے وسائل پر وہ اختیارات واپس وفاقی حکومت کو دینا بلوچستان کے عوام کیساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔


