بلوچستان میں قانون پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے، اسد عمر
کوئٹہ(انتخاب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قانون پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے،اس جدید دور میں عوام سے حقائق چھپانا ممکن نہیں ہے کیونکہ سوشل میڈیا نے آگاہی گھر گھر پہنچادی ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج 21ویں صدی میں بھی اس ملک میں قانون کی بالا دستی نہیں ہے، قانون کا اطلاق طاقتور پر نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم جمہوریت اور قانون پر یقین رکھتے تھے اور پاکستان واحد ملک ہے جو جمہوریت کے عمل سے بنا ہے، جس ملک میں قانون پر عملدرآمد نہ ہو وہاں جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء میں جمہوریت کا تسلسل شروع ہوا لیکن کئی رکاوٹیں ہیں اور آج بھی دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان میں قانون طاقتور نہیں ہے،عوام پر قانون کا اطلاق ہورہا ہے لیکن طاقتور پر قانون نہیں چلتا ۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اب لوگوں کو ڈرا دھمکا کر کچھ کہنا آسان نہیں ہے وزارت اطلاعات سے جو مرضی خبریں چلا لیں کچھ نہیں ہوگا آج سوشل میڈیا کا دور ہے اور مجھ سمیت تمام فیصلہ سازوں کو سوچنا ہوگا کہ کس طرح آئین کی بالادستی قائم کرنی ہے۔انہوںنے کہا کہ عمران خان سے کہا تھا کہ بلوچستان کے عام آدمی سے پوچھیں وہ کیا سوچتا ہے، ہوسکتا ہے کیمرے کے سامنے کوئی نہ بولے کیونکہ بدقسمتی سے اس ملک میں آج بھی سچ بولنا آسان نہیں لیکن اس وقت بلوچستان میں قانون پر عملدرآمد کی اشد ضرورت ہے۔


