کوئٹہ، سورینج کے کوئلہ کان میں دھماکے سے 34 کانکن جاں بحق، حکومت کا لواحقین کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان
کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کائلہ کان میں دھماکے کے نتیجے میں 34کانکنوں جاں بحق ، دو کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا جس کے دوران 34کانکنوں کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2کی تلاش میں جمعہ کی شام تک ریسکیو آپریشن جاری رہا ۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے ہے جن کی لاشیں ضروری کاروائی کے بعد آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی ہیں ۔
دوسری جانب معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فی کس پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے شاہد رند نے کہا کہ جاں بحق کان کنوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں تک باعزت طریقے سے پہنچانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے انہوں نے کہا کہ محکمہ مائنز اینڈ منرلز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر مکمل مستعدی کے ساتھ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس افسوسناک سانحے پر غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے۔


