محکمہ تعلیم کو منصفانہ اورمحکمانہ رولز کیمطابق چلانے سے اساتذہ کی بے چینی کو دور کیا جاسکتا ہے، صدر بی پی ایل اے
کوئٹہ (نمائندہ انتخاب) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ نے مرکزی صدر پروفیسر طارق بلوچ کی سربراہی میں گزشتہ دنوں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سریاب کا دورہ کیا اور اس دوران کالج کے سالانہ اسٹاف اجلاس میں شرکت کرکے مختلف امور پر کالج اساتذہ سے گفت و شنید کی۔ اس موقع پر پروفیسر طارق بلوچ نے اساتذہ سے اپنےخطاب میں حالیہ دنوں میں محکمانہ رولز اور پالیسیوں سے ہٹ کر ہونے والے حکمناموں کو قابل افسوس قراردیا اور کہا کہ کالج اساتذہ ملک کے قانون پسند شہری ہیں جنہیں قانون کی عملداری کا بہترین شعور ہے لہذا محکمہ ء تعلیم کو بلوچستان کے غریب عوام کے بچوں اور بچیوں کے تعلیم کے حصول میں محکمانہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کے ساتھ جائز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ پروفیسر طارق بلوچ نے گزشتہ دنوں ایک اعلی سطح کے افسر کی جانب سے ٹویٹ کے ذریعے دیئے گئے پیغام کو جس میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے تعلیمی ماہرین کی خدمات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر اگر صرف رولز کی ہی پابندی اور ان میں پائے جانے والے بعض چھوٹے موٹے ابہام کو دور کیا جائے تب بھی بہترین نتائج نکل سکتے ہیں۔ پروفیسر طارق بلوچ نے حالیہ ہفتوں میں ہونے والے پالیسیوں کے بر خلاف محکمہ کی جانب سے محکمانہ کارروائیوں کو انتہائی نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا اور کہا کہ بعض پروفیسروں کو قانونی معیاد کی تکمیل سے پہلے ہی معطل کرنا بظاہر پیشہ ورانہ رویوں کے لیے برا شگون سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کو اپنی معزز برادری کے مفادات کا تحفظ کرنا آتا ہے جس کے لیے تمام قانونی اور آئینی فورموں پر آواز اٹھائی جائے گی۔ بی پی ایل اے کے جنرل سیکرٹری پروفیسر رازق الفت کاکڑ نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سریاب روڈ کوئٹہ کے سالانہ اسٹاف اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ کالج پرنسپل پروفیسر محمد حسین بلوچ اور ان کے کالج اسٹاف کو کامیاب تعلیمی سال کے اختتام پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی علمی و تعلیمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کالج اساتذہ کو سہولیات کی عدم دستیابی سمیت مبہم ، اقربا پروری اور ذاتی پسند و ناپسند پر مبنی فیصلوں پر بلوچستان بھر کے کالج اساتذہ میں شدید تحفظات پائے جارہے ہیں جن کے لیے بی پی ایل اے برادری کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔ پروفیسر رازق الفت کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنما بلوچستان کے مزدور ملازم اتحاد کے سب سے بڑے پلیٹ فارم بیوگا میں فعال کردار رکھتی ہے اور بیوگا رہنماؤں سے بھی مشاورت اور تعاون کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ نے بلوچستان کے کالج اساتذہ کو یقین دلایا کہ وہ فرائض کی ادائیگی اور حقوق کے حصول کے لیے آواز اٹھانا بخوبی جانتی ہے جس کے لیے بی پی ایل اے کی جد و جہد کی شاندار تاریخ شاہد ہے کہ وہ کبھی بھی حق اور سچائی کے راستے سے پیچھے نہیں ہٹی ہے اور کالج اساتذہ ہر موقع پر عزم ، استقامت اور اتحاد میں پیش پیش رہے ہیں۔پروگرام کے آخر میں کالج طلبہ کے مقالوں کے ایبسٹریکٹس پر مشتمل چھپنے والی کتاب کو بھی کابینہ کے اراکین اور دیگر مہمانان گرامی میں تقسیم کیا گیا۔اور کالج پرنسپل پروفیسر محمد حسین نے حاضرین مجلس کا شکریہ ادا کیا۔


