پاک افغان کشیدہ صورتحال، مقامی علما و عمائدین پر مشتمل 16 رکنی جرگہ افغانستان روانہ
چمن (انتخاب نیوز) چمن بارڈر پر پاک افغان صورتحال میں بہتری کیلئے ممتاز علما، عمائدین اور تاجروں پر مشتمل 16 رکنی جرگہ افغانستان روانہ ہوگیا، جہاں افغان حکام سے بات کی جائے گی۔ افغانستان جانے سے قبل گفتگو میں جرگہ رکن مفتی قاسم کا کہنا تھا کہ صلح، امن اور دوستی کا پیغام لے کر افغانستان جارہے ہیں، افغان حکام سے رابطوں میں مثبت ردعمل ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کا مالی وجانی نقصان کسی کے مفاد میں نہیں۔ ملک عبدالخالق اچکزئی کا کہنا تھاکہ امید ہے مذاکرات اور رابطوں کے نتیجے میں سرحدی تناؤ ختم ہوجائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغان فورسز کی شہری آبادی پر گولہ باری سے شہری جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 افغان سرحدی پوسٹیں تباہ ہوگئی تھیں۔
Load/Hide Comments


