امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 6.4 شدت کا زلزلہ، شاہراہیں متاثر، ہزاروں افراد بجلی سے محروم

کیلی فورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ریاست کیلیفورنیا 6.4 شدت کے طاقتور زلزلے سے لرز اٹھی، جہاں ایک پل کو نقصان پہنچا اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 34 منٹ پر آیا جس کی گہرائی 16.1 کلومیٹر تھی اور سب سے زیادہ متاثر کیلیفورنیا کے فرنڈیل سے تقریباً 12 کلومیٹر دور ہمبولٹ کاؤنٹی کے شہر ہوا، جس کی آبادی تقریباً 15 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ مقامی اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے بتایا کہ متعدد جگہوں پر گیس کی لیکیج ہوئی ہے، اس کے علاوہ بجلی کا نظام متاثر ہوا اور فرنڈیل میں آتشزدگی کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا، انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ زلزلے کی وجہ سے شدید زخمی یا ہلاکتیں ہوئی ہیں یا نہیں۔ مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ کیلی فورنیا ’ہائی وے پیٹرول‘ کو فرنڈیل کے اندر اور باہر دریائے ایل پر فرنڈیل پل میں دراڑ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ریاستی سینیٹر مائیک میک گائر نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہائی وے 101 اور ہائی وے 299 کھلی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹیشن کے حکام ہائی وے انفرااسٹرکچر کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمبولٹ کاؤنٹی میں رہنے والے جمی ایلر نے ٹوئٹ میں بتایا کہ زلزلہ شدید تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں