ساتویں قومی کانگریس کے کامیاب انعقاد پر کارکنان، ادارے اور محکمے مبارکباد کے مستحق ہیں، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں پارٹی کی ساتویں قومی کانگرس منعقدہ 21,20,19 دسمبر 2022ء کے کامیاب انعقاد پر پارٹی کے تمام کارکنوں اور بالخصوص پشتونخوا وطن ملک اور بیرون ملک تمام پشتون افغان عوام کو مبارکباد پیش کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 29,28 جنوری 2022ء پارٹی کی چھٹی قومی کانگریس کے فیصلوں کی روشی میں گزشتہ دنوں پارٹی کی ساتویں قومی کانگرس سائنس کالج کوئٹہ میں منعقد کیا گیا، جس میں 10ہزار سے زائد مندوبین نے شدید سردی کے باوجود ملک بھر سے شرکت کی اور پارٹی اداروں کی تشکیل وقیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جبکہ صوبہ جنوبی پشتونخوا، خیبر پشتونخوا، پنجاب، سندھ کے صوبائی کانفرنسز اور مرکزی کانفرنس کے ذریعے صوبوں کے صوبائی ایگزیکٹوز کونسل اور مرکزی ایگزیکٹوز کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بیان میں پشتونخواملی عوامی پارٹی اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں کو داد و تحسین پیش کی گئی جنہوں نے پارٹی کی ساتویں قومی کانگرنس کے انعقاد میں شب وروز محنت کی اور پارٹی کی جانب سے دی گئی مختلف کمیٹیوں میں اپنی فرائض کو بخوبی سے سرانجام دیا۔ بیان میں پارٹی کی ساتویں قومی کانگریس کے انعقاد میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، کیسکو، ریلوے، سوئی سدرن گیس کمپنی، ٹریفک پولیس، سائنس کالج انتظامیہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے اداروں، محکموں کے توسط سے پارٹی کے ساتھ اپنا تعاون شریک کیا۔ اسی طرح پشتونخوا ملی عوامی پارٹی انسانوں کے مسیحا ڈاکٹروں کی خدمات پر ان کا تہہ دل سے شکریہ اد ا کرتی ہے کہ انہوں نے مسلسل تین دن تک فری میڈیکل کیمپ لگاکر ہزاروں کی تعداد میں مریضوں کا معائنہ اور انہیں ادویات فراہم کیں۔ بیان میں کہا گیا ہے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی کامیاب ساتویں قومی کانگرس کے بعد پارٹی کی جاری قومی، سیاسی، جمہوری جدوجہد کومزید تیز کرتے ہوئے خان عبدالصمد خان اچکزئی دیگر تمام پارٹی اکابرین کے ارمانوں کی تکمیل اور قومی اہداف کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔


