امریکا میں تاریخ کا بدترین برفانی طوفان، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو گئی

واشنگٹن:امریکا میں تاریخ کے بدترین اور شدید برفانی طوفان کے سبب مختلف حادثات میں 9افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ریاست اوہائیو میں4، کینٹکی میں3،میسزوری اور کنساس میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برفانی طوفان کے سبب تقریبا 13 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں اور مغربی اور شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔علاوہ ازیں امریکا بھر میں 22 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ ساڑھے 5 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔زیادہ تر پروازیں سیئیٹل، شکاگو، نیویارک، ڈین ور میں منسوخ کی گئیں جبکہ برفانی طوفان کے سبب جارجیا، نارتھ کیرولائنا، کینٹکی اور نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق نیویارک کا بفیلو ایئر پورٹ مکمل بند کردیا گیا ہے جبکہ سیکڑوں شاہراہوں پر بھی سفر کی اجازت نہیں دی جارہی۔امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ بہت سی مشرقی ریاستوں میں دہائیوں بعد سرد ترین کرسمس ہوگی ۔ مقامی میڈیا کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں 1989 کے بعد اور نیویارک میں 1906کے بعد سرد ترین کرسمس ایوننگ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں