شام میں کرد سیکورٹی کمپلیکس پر داعش کا ناکام خودکش حملہ، 6 سیکورٹی اہلکار جاں بحق، 2 شدت پسند ہلاک
دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) شام کے شمال مشرقی شہرالرقہ میں سکیورٹی فورسز کے ایک مرکز پر داعش کے خود کش بم حملے میں کردوں کے زیرقیادت فورسز کے چھے ارکان جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکاکی حمایت یافتہ شامی جمہوری فورسز(ایس ڈی ایف)کے سربراہ مہ زلوم عابدی کوبانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراس خودکش حملے کی اطلاع دی۔ ایس ڈی ایف کے میڈیا سینٹر کے سربراہ فرہاد شامی نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار ہلاک ہوگیا ہے اور دوسرے کوحراست میں لے لیا گیا۔ داعش نے الرقہ میں واقع سکیورٹی کمپلیکس پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس کے بارے میں جنگی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک فوجی انٹیلی جنس جیل کے قریب تھا جس میں سیکڑوں شدت پسند رہائش پذیر تھے۔ داعش کے دو جنگجوؤں نے اچانک حملہ کیا تھا اور کہا کہ کردوں کے زیرانتظام الہول کیمپ میں رہنے والے شدت پسندوں کے رشتہ داروں اور مسلمان قیدیوں کا بدلہ لینے کے لیے یہ حملہ کیا گیا تھا۔ گروپ نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا کہ حملے کے بعد ایک مجرم زندہ بچ گیا تھا۔ برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا کہ اس حملے میں کردوں کے زیرقیادت سکیورٹی فورسزکے چھ ارکان جاں بحق اور دو شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ رصدگاہ نے بھی تصدیق کی کہ اس ناکام حملے میں شام میں داعش کے سابق ڈی فیکٹو دارالحکومت الرقہ میں کرد سکیورٹی کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔اس میں ایک فوجی انٹیلی جنس جیل بھی شامل ہے جہاں سیکڑوں شدت پسندوں کو رکھا گیا ہے۔ برطانیہ میں قائم اس مانیٹر کے سربراہ رامی عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ جہادی ملٹری انٹیلی جنس جیل کو نشانہ بناناچاہتے تھے۔


