عمران خان نے امریکا اور سعودیہ سے تعلقات خراب کئے ، قمرزمان کائرہ

سکھر(انتخاب نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے امورکشمیرو گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکا اور سعودیہ سے تعلقات خراب کئے جبکہ امریکا کے تعلقات ہمارے ساتھ اچھے نہیں مگر ہمیں اس کے آگے جھکنا نہیں۔سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ کیا الیکشن کرانے، قانون اور آئین بنانے سے جمہوریت آجاتی ہے؟ ادارے کھڑے کرنے سے عمارتیں بنانے سے جمہوریت نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے اس لیے مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے، 9 ہزار ارب پاکستان کی آمدنی اور14 ہزار ارب پاکستان کا خرچہ ہے، مارکیٹ 8 بجے بند کرنے سے 100 ارب روپے سالانہ بچت ہوتی ہے مگر مارکیٹس بند کرنے کو کاروباری حضرات تیار نہیں جبکہ ورک لوڈ کم کرنے کے لئے 20 فیصدگھر سے کام کرنے کی بات کی تو تنقید کی گئی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ امریکا کے تعلقات ہمارے ساتھ اچھے نہیں مگر ہمیں اس کے آگے جھکنا نہیں، عمران خان نے امریکا اور سعودیہ سے تعلقات خراب کیے، بلاول بھٹو وزیر خارجہ بن کر عالمی دنیا سے تعلقات بہتر بنارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں