دنیا کے مختلف حصوں میں ٹوئٹر سروسز معطل رہنے کے بعد بحال
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) 28 دسمبر کی شب سے دنیا بھر میں ٹوئٹر کی سروس متاثر ہونے کے باعث کروڑوں صارفین سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی سے محروم رہے مگر اب اسے مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد پہلی بار ٹوئٹر کی سروس بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی۔ ڈاؤن ڈیٹکٹر کے مطابق مختلف ممالک کے ہزاروں صارفین کی جانب سے ٹوئٹر ڈاؤن ہونے کی رپورٹ کی گئی۔بیشتر صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں ویب براؤزر پر ٹوئٹر تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔اس حوالے سے جب ایک صارف نے ایلون مسک سے پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ ان کے پاس سروس کام کررہی ہے۔بعد ازاں ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ کچھ تبدیلیوں کے بعد ٹوئٹر سروس زیادہ بہتر محسوس ہوگی مگر سروس ڈاؤن رہنے کے حوالے سے انہوں نے کچھ نہیں بتایا۔اب ٹوئٹر سروس مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے مگر بند رہنے کی وجہ کمپنی کی جانب سے فی الحال بتائی نہیں گئی۔


