بلوچستان پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں غیر قانونی تبادلوں اور اقدامات کا نوٹس لیا جائے، آفیسرز یونین
کوئٹہ (انتخاب نیوز) آل بلوچستان اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ خان درانی نے کہا ہے کہ ڈی جی پاپولیشن کے تبادلے کو فوری طور پر موخر کیا جائے، چیف سیکرٹری بلوچستان سے ملاقات میں تمام صورتحال سے انہیں آگاہ کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج کی ہنگامی پریس کانفرنس کا مقصد میڈیا کی توجہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں جاری غیر قانونی تبادلوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات کی طرف مبذول کروانا ہے، جس سلسلے کی کڑی ڈائریکٹر جنرل کا حالیہ تبادلہ اور ان کی جگہ ایک جونیئر آفیسر کی تعیناتی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈی جی پاپولیشن ویلفیئر ایسوسی ایشن 20گریڈ کا مستقل آفیسر ہے جنہیں سینیارٹی کی بنیاد پر دو ماہ قبل 30ستمبر کو رائج قوانین کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن تعینات کیا گیا تھا، حکام بالا کیخلاف قانون ڈیمانڈز پورا نہ کرنے اور ان کے دیگر غیرقانونی اقدامات کو سامنے لانے اور ان پر سوال اٹھانے کے پاداش میں ڈی جی پاپولیشن کا قبل از وقت تبادلہ کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ڈی جی پاپولیشن کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ بی ایس ایس کے گریڈ 19کے جونیئر آفیسر کو تعینات کیا گیا ہے، جو قوانین کی خلاف ورزی ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان اس کا نوٹس لیں۔


