تخریب کاری کی لہر ہم لیکر نہیں آئے، بہت سے حملے ناکام بنائے، بیرسٹر سیف
پشاور (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ تخریب کاری کی لہر ہم تو لے کر نہیں آئے بلکہ ہم نے بہت سے حملوں کو ناکام بنایا۔ برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس کے پاس تیاری اپنی جگہ پر پوری ہے اور تخریب کاری کی لہر ہم تو لے کر نہیں آئے، ہم بہت سے تخریبی حملوں کو پہلے ہی ناکام بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اگر حملے ہو رہے ہیں تو ہم ان کا بھرپور جواب بھی دے رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہم نے گزشتہ بجٹ میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے لیے اربوں روپے مختص کیے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کو وفاق سے جو تعاون چاہیے وہ اسے نہیں مل رہا۔ ترجمان کے پی حکومت کا کہنا تھا کہ ریاستی سطح پر افغان حکومت سے کے پی حکومت نہیں وفاق بات کرسکتا ہے کیونکہ یہ بڑی سطح کا کام ہے، وفاق اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے لیکن وہ تعاون نہیں کررہا۔


