چائنہ چابہار شپنگ لائن کھول دی گئی، چین کا پہلا سمندری جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) چابہار فری زون کے ڈائریکٹر جنرل نے چین سے جنوب مشرقی ایران کے چابہار بندرگاہ تک پہلی براہ راست شپنگ لائن کے آغاز کی اطلاع دی ہے۔ ایران کے جنوب مشرق میں صوبہ سیستان اور بلوچستان میں چابہار بندرگاہ ایران کی واحد سمندری بندرگاہ ہے جو بحیرہ مکران اور بحر ہند کے ساحل پر واقع ہے۔ امیر مقدم نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ پہلا سمندری جہاز چین سے براہ راست چابہار میں داخل ہوا اور بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا۔ پہلے، چینی جہازوں کو جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان کی بندر عباس پر لایا جاتا تھا اور ان کا سامان چھوٹے بحری جہازوں کے ذریعے چابہار منتقل کیا جاتا تھا۔ مقدم نے کہا کہ آنے والے جہاز میں 6,500 کنٹینرز آ سکتے ہیں اور کہا کہ نئی لائن کھلنے سے ہر کنٹینر کو اتارنے اور اپ لوڈ کرنے کے عمل میں 400 ڈالر کی بچت ہوگی اور کارگو کو 10 دن پہلے پہنچایا جاسکے گا۔ چابہار بندرگاہ اپنے تزویراتی محل وقوع کی وجہ سے خاص اہمیت کی حامل ہے۔ یہ وسطی ایشیائی لینڈ لاکڈ ممالک جیسے افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان اور قازقستان کے لیے کھلے پانیوں تک رسائی کا قریب ترین راستہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے درمیان 25 سالہ جامع تعاون کے منصوبے پر 27 مارچ 2021 کو تہران میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ محمد جواد ظریف اور وانگ یی نے دستخط کیے تھے۔ یہ معاہدہ سیاسی، اقتصادی، سیکورٹی، دفاع، اور جیو پولیٹیکل، اسٹریٹجک سطحوں پر تعاون کی پیروی کرتا ہے۔


