کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے کا تعمیراتی کام ماہ فروری کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا،سول ایویشن
کوئٹہ: سول ایویشن کے چیف آپریشن ملک مظہر حسین نے کہا ہے کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے کا تعمیراتی کام ماہ فروری کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد کوئٹہ ائیرپورٹ پر بووئنگ 777جیسے طیارے لینڈ کرسکیں گے اور سعودی عرب، دبئی اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ براہ راست فلائٹس کا سلسلہ ممکن ہوگا جس سے بلوچستان کے عوام کو دنیا کے مختلف ممالک تک جدید سفر کی سہولیات میسر آئیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا کی سربراہی میں ملنے والے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے پر جاری تعمیراتی کی فوری تکمیل پر زور دیا اور کہا کہ بلوچستان میں قومی شاہراہیں تنگ اور خستہ حال ہیں جس کی وجہ سے آئے روز افسوسناک حادثات رونما ہوتے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہاکہ ریلوے نظام بھی گز شتہ 4ماہ سے نہ ہونے کے برابر ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے لوگ ریل کے ذریعے ملک کے دیگر صوبوں تک سفر کی سہولیات سے محروم ہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ کوئٹہ ائیرپورٹ کے رن وے پر جاری ترقیاتی کام کو فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو ہوائی سفر کی سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی ائیرلائنز کی فلائٹس بھی شروع کی جائیں تاکہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے)اور ان کے درمیان مسابقت کی فضاء قائم ہو اور عوام کو سفری اخراجات و دیگر میں ریلیف مل سکے۔ انہوں نے تجویز دی کہ مختلف نجی کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ کوئٹہ سے ہفتہ وار تین تین فلائٹس کا بندوبست کرائیں تاکہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد و دیگر کو سفری سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران و ممبران سول ایویشن و دیگر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ اس موقع پر سول ایویشن کے چیف آپریشنز ملک مظہر حسین کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ائیرپورٹ کے رن وے پر جاری تعمیراتی کام کو ماہ فروری کے آخر تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کے بعد بووئنگ 777جیسے جہاز یہاں لینڈ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ رن وے کی تعمیر کے بعد انٹرنیشنل فلائٹس کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگا، سعودی عرب، دبئی اور یورپی ممالک تک براہ راست فلائٹس بھی ممکن ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد سمیت دیگر کو بہترین ہوائی سفری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکیں اس سلسلے میں ہمیں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران و ممبران کا بھی تعاون درکار ہے اور ہمیں امید ہے کہ سلسلے میں وہ کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کسی بھی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کے ضامن ہوا کرتے ہیں انہیں سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، ہمیں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران اور ممبران کی جانب سے جو تجاویز دی گئی ہیں انہیں اولیت دی جائے گی۔


