کوئٹہ، محکمہ مارکیٹ کمیٹی (زراعت) کے درجنوں ملازمین کو معطل کردیا گیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) مارکیٹ کمیٹی کوئٹہ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ نے محکمہ مارکیٹ کمیٹی(زراعت) کے درجنوں ملازمین کو بیک جمبش قلم ملازمتوں سے برخاست کردیا مارکیٹ کمیٹی میں پندرہ تا بیس سال سروس انجام دینے والے ملازمین کو بیروز گار کرنے سے غریب ملازمین مالی پریشانی کاشکار ہوگئے ڈائریکٹر ماکیٹنگ کوئٹہ نے ملازمین کو رواں ماہ کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کیں۔ برطرف کئے گئے مارکیٹ کمیٹی کے ملازمین کو بغیر کسی تحریری برطرفی آرڈر کے زبانی جواب دیدیا۔ رواں ماہ ان ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیئے حاصل کئے گئے لاکھوں روپے اپنی جیب میں ڈال لیے، برطرف کیے جانیوالے مارکیٹ کمیٹی کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ صوبائی وزیر زراعت سیکرٹری زراعت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، ہمیں معاشی تحفظ فراہم کرکے ظالم ڈائریکٹر مارکیٹنگ (مارکیٹ کمیٹی) کے مزدور دشمن رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدرخان زمان چیئرمین حاجی بشیر احمد، سیکرٹری جنرل قاسم خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالمعروف آزاد، سیکرٹری انفارمیشن عابد بٹ نے مارکیٹ کمیٹی (زراعت) کے کنٹریکٹ ملازمین کے گھروں کے چولہے بند کرنے کے مزدور دشمن اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی ملازم کش اقدام قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مہنگائی کے خوفناک دور میں مارکیٹ کمیٹی کے ملازمین کو بیروز گار کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ (مارکیٹ کمیٹی) نے تنخواہوں کے لاکھوں روپے ہڑپ کرنے کیلئے عجلت سے کام لیکر کرپشن کا نیا پنڈورا بکس کھول دیا ہے، انھیں معلومات رکھنی چاہئے تھی کہ ان برطرف ملازمین کی جانب سے مارکیٹ کمیٹی میں مستقلی کیلئے عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مارکیٹ کمیٹی کے ملازمین کی برطرفی کا نوٹس لیں اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ مارکیٹ کمیٹی کے ملازم دشمن روئیے کا نوٹس لے کر ان ملازمین کو بحال کرکے تنخواہیں ادا کی جائیں اور ان ملازمین کو مارکیٹ کمیٹی میں مستقل کیا جائے۔ بصورت دیگر بلوچستان لیبر فیڈریشن ملازم دشمن اقدام کیخلاف سخت احتجاج کرے گی۔ جس کی ذمہ داری ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور محکمہ زراعت کے اعلی حکام پر عائد ہوگی۔


