کوہلو،سیلاب زدہ کسانوں پر لاٹھی چارج و تشدد کیخلاف کوئٹہ میں احتجاج کیا جائے گا،نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز)نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں کوہلو انتظامیہ کیجانب سے سیلاب زدہ کسانوں پر لاٹھی چارج و تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے حکومت کے کہنے پر سیاسی انتقام کی تمام حدود پار کردی ہیں۔نیشنل پارٹی کوہلو تحصیل جنرل سیکرٹری وڈیرہ داھان مری و دیگر ورکرز کے گھروں پر چھاپے اور چادر وچار دیواری کی سنگین پامالی ہے۔خواتین کانسٹیبل کے بغیر گھروں میں غنڈوں کی طرح گھس کر بے حرمتی کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔نیشنل پارٹی اس غیر قانونی اقدام وبلوچ روایات کی پامالی کے خلاف سموار کو کوئٹہ میں شدید احتجاجی مظاہرہ کریگی۔بیان میں کہا گیا کہ کوہلو میں کرپشن و کمیشن کا بازار گرم ہے۔تمام ادارے مفلوج ہوگئے ہیں بھتہ خوری عام ہے۔پھر بھی انتظامیہ کی حوس نہیں بھری اور گندم کے بیج کی غیر منصفانہ تقسیم کی اور تقسیم میں اقربا پروری کے ذریعے حقدار کسانوں کو محروم رکھا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ غیر قانونی اقدام میں ملوث افراد کیخلاف فوری طور کاروائی کیاجائے اور نیشنل پارٹی رہنماؤں و دیگر کسانوں کیخلاف من گھڑت مقدمات کو ختم کیا جائے بصورت دیگر نیشنل پارٹی احتجاج کے دائرے کو مذید وسعت دے گی۔


