مسلم کونسل آف امریکہ کا اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی بھر پور حمایت کا اعلان
نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم کونسل آف امریکہ کے چیئرمین رانا زمان سعید نے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے فلسطین پراسرائیلی جارحیت اور قبضے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کافیصلہ کرلیا، فلسطین کے مقبوضہ علاقوںسے اسرائیل کا قبضہ ختم کرانے کے لئے عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائرکیا جائے گا ،انسانی حقوق کے نام نہاد ٹھیکیداروںکو فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف خاموشی توڑنا ہو گی، اتوار کو جاری ایک اعلامیہ میں مسلم کونسل آف امریکہ کے چیئرمین رانا زمان سعید نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں مسلسل انسانی حقوق کی پامالیوں اور نسل کشی میںمصروف ہے جبکہ اسرائیلی جرائم پرانسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، مسلم کونسل آف امریکہ فلسطینیوں کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی عدالت انصاف سمیت ہر فورم پر جائیں گے ،فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے دنیا بھر میں بھر پور آواز اٹھائی جائے گی ،انسانی حقوق کے نام نہاد ٹھیکیداروں سمیت مسلم ممالک کو بھی ااسرائیلی جارحیت اورقبضے کو رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔


