عوام کی بہتری کیلئے عمران خان ہر خطرہ مول لے رہا ہے، پرویزالٰہی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی بہتری کیلئے عمران خان ہر خطرہ مول لے رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑی منگتی حکومت بن گئی ہے، انہوں نے قسم کھائی ہے اپنے پیسے نہیں لگانے ،شہباز شریف کے ساتھ 20سال گزارے، شہباز شریف شروع سے ہی دو نمبر آدمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سچے اور ایماندار لیڈر ہیں، عمران خان جیسا سچا اور کھرا لیڈر آپ کو نہیں ملنا، عمران خان عوام کی بہتری کیلئے سب کچھ کررہا ہے، عوام کی بہتری کے لئے عمران خان ہر خطرہ مول لے رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں گلشن راوی ٹی جنکشن انڈرپاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس حوالے سے پرویز الٰہی نے کہا کہ ان منصوبوں پر4 ارب 84 کروڑ روپے لاگت آئے گی، منصوبوں کو8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، لاہور ماسٹر پان 2سال پہلے شروع ہوا، بہت کام ہوا، تمام محکموں کو کہاہے ایک سال میں منصوبے مکمل کریں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ اور سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔پرویز الٰہی نے کہا کہ 400 میٹر طویل سمن آباد انڈر پاس 2 ارب 3کروڑ روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سمن آباد انڈر پاس بننے سے سمن آباد، گلشن راوی، توحید پارک، ملتان روڈ، چوبرجی، چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔


