پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا شور شرابہ، اعتماد کا ووٹ لو کے نعرے
لاہور (انتخاب نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے خوب شور شرابہ کیا اور احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے آگئے۔ اسپیکر سبطین خان کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں اپوزیشن ارکان کا مطالبہ ہے کہ آج ہی اعتماد کا ووٹ لیا جائے، مسلم لیگ ن کے ارکان کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف مسلسل نعرے لگائے گئے، ایوان میں اعتماد کا ووٹ لو ‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔ اس دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اراکین سعدیہ سہیل رانا،سیمابیہ طاہر اور ثانیہ کامران نے بھی اپوزیشن کیخلاف نعرے لگائے۔ اسپیکر سبطین خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان نشستوں پر تشریف رکھیں، دوسری صورت میں آئین کے مطابق کارروائی کروں گا۔ اجلاس کے دوران وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے اپوزیشن کو منانے کی کوشش بھی کی اور ان سے نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست کی۔ مسلم لیگ ن کی رکن راحیلہ خادم حسین نے وقفہ سوالات میں بات کرنے سے انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ گورنرپنجاب وزیراعلیٰ پر عدم اعتمادکرچکے،گزارش ہے پہلے وزیراعلیٰ اعتمادکا ووٹ لیں۔ اسپیکر سبطین خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینا ہے یا نہیں اس پر ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، اگر اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے تو حکومت میں نہیں رہیں گے،عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں فیصلہ ہوجائیگا۔


