بلوچستان عوامی پارٹی کو توڑنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دیں گے، میر جان محمد جمالی

نصیر آباد (انتخاب نیوز) قائم مقام گورنراوربلوچستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر میر جان محمد خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت مضبوط و قائم ہے پارٹی میں کسی بھی قسم کے اختلافات نہیں ہیں،عام انتخابات میں اسی پارٹی کے پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے اور بھرپور طریقے سے کامیابی حاصل کریں گے بلوچستان عوامی پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ ہے بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی کو کیوں توڑا جا رہا ہے ہم پی ڈی ایم کے قائدین سے اس معاملے پر بات کریں گے کسی کے جانے سے پارٹی پر کوئی اثر انداز نہیں ہوگاان خیالات کا اظہار انہوں نے لہڑی ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزرا میر سکندر خان عمرانی حاجی محمد خان لہڑی بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنما میر بہرام خان بلیدی میرعبدالغفورلہڑی، میر فاروق خان جمالی میر یارمحمد لہڑی حاجی فرید الحق لہڑی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔میر جان محمد خان جمالی نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن سے مزید شخصیات بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کریں گے جس کے لیے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت ہے جو کہ عوام کی بلاتفریق خدمت کر رہی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور پارٹی میں کسی بھی قسم کے اختلافات کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے پارٹی فعال و منظم ہے بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی حقیقی جماعت ہے جو کہ عوام کی بے لوث خدمت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی سے انکار نہیں کیا جاسکتا مشکل حالات کے باوجود حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے کسی بھی صورت میں بلوچستان عوامی پارٹی کو ختم نہیں کیا جاسکتا یہ جماعت بلوچستان کے حقوق کے حصول کے لئے بنائی گئی تھی ہم نے وفاق میں پارٹی کی سطح پر بلوچستان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے ہم پی ڈی ایم کا حصہ ہیں بلوچستان عوامی پارٹی کو توڑنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں