بلوچستان کا مسئلہ حق حاکمیت ہے، سی پیک کا مرکز گوادر جبکہ تمام پروجیکٹ پنجاب میں ہیں، ڈاکٹر مالک
تربت (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ حق حاکمیت ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام کی رائے کے بغیر بننے والی حکومتیں عوام کو جوابدہ نہیں ہوتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ سی پیک کے بلوچستان میں پروجیکٹ نہ ہونے کے برابر ہیں۔ سی پیک کے زیادہ تر پروجیکٹ پنجاب میں ہیں، سی پیک کا مرکز گوادرہے لیکن وہاں پینے کے لیے پانی نہیں، سی پیک معاہدہ کے مطابق 93 فیصد چین اور 7 فیصد مرکز کو ملیں گے، معاہدے میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا ستر سالوں سے سوئی گیس کو وفاق استعمال کررہا ہے لیکن سوئی اور ڈیرہ بگٹی کے عوام پسماندہ زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے کہا ریکوڈک معاہدہ بلوچستان کے مفاد میں نہیں، بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے عوام پر خرچ کئے جائیں، گوادر پورٹ کے کاروبار اور روزگار میں مقامی لوگوں کو مناسب حصہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا نیشنل پارٹی اصولی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور غیرجمہوری و آمرانہ عمل کو علاقائی اور عوامی مفادات کے خلاف سمجھتی ہے، بلوچستان میں ٹپھہ ماری سے غربت، جہالت اور پسماندگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ عوام کو بہتر زندگی دینے کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی انجینئرنگ سے گریز کیا جائے، سماجی تبدیلی کے لئے شعوری سیاست کا ہونا لازمی ہے، نیشنل پارٹی پرامن جمہوری اور شعوری سیاست سے بلوچستان میں تبدیلی لائے گی۔


