حکومت بلوچستان کی گندم اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت
کوئٹہ (انتخاب نیوز) محکمہ داخلہ اور قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے جاری احکامات کی روشنی میں تمام ڈویڑنل کمشنروں، تمام ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، تمام ڈپٹی کمشنرز اور تمام ایس ایس پی پولیس کو گندم کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت 12 جنوری 2023 کو ہونے والے اجلاس میں تمام متعلقہ افسران کو گندم کی اسمگلنگ ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں کے خلاف ایکشن کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدی اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز گندم کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں اور صوبے سے گندم کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سخت چیکنگ کا طریقہ کار اپنایا جائے لہٰذا تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ منافع خوروں، ذخیرہ اندوزی کرنے والی فرموں اور گندم کے اسمگلروں کیخلاف پرائس کنٹرول اینڈ پرموشن، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ایکٹ 1977ء اور وہاں کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو سونپے گئے اختیارات کے تحت سخت کارروائی کریں مزید برآں،صوبے سے باہر گندم کی اسمگلنگ کو روکنے اور اس پر قابو پانے کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ خصوصی مشاورت کی جائے۔


