بلدیہ کوئٹہ کو ٹھیکیداری نظام میں دے کر محکمہ کو تباہ کردیا گیا، بلوچستان لیبر فیڈریشن

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شہر میں صفائی اور کچرہ اٹھانے کے نظام کو ٹھیکیدار کے حوالے کرنے کے خفیہ معاہدے پر محکمے کے سینئر سینی ٹیشن عملے نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے فنڈز کا ضیاع اور رولز کی سنگین خلاف ورزی قرار دیدیا اور ایڈمنسٹریٹرکوئٹہ کی جانب سے ٹھیکیداری کے ظالمانہ نظام کو زبردستی مسلط کرنے کی سازش قراردیا ہے۔ ماضی میں بھی کوئٹہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹن کچرہ ٹھکانے لگانے کیلئے چاچے مامے کے نام پر ٹھیکیداری نظام کا کو آزمایا گیا مگر اس کا نتیجہ بڑا مایوس کن ر ہا اور ٹھیکیدار نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن جیسے فعال ادارے کو کروڑوں روپے کا چونا لگا دیا، ماضی میں ایڈمنسٹریٹر کو بھی انکوائریوں اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ سینئر سینی ٹیشن عملے نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر ٹھیکیدار کے بغیر مشینری بھی چل رہی ہے اور باقاعدگی سے لیبر اور سینی ٹیشن عملہ کام کررہا ہے۔ اس حوالے سے بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر مزدور رہنما خان زمان عابد بٹ نے کہا کہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں ٹھیکیداری کے ذریعے نظام چلانا ادارے کے لئے سخت نقصان دہ ہے، ٹھیکیدار محکمہ کی کروڑوں روپے کی مشینری کو اینٹوں پر کھڑا کرکے پرائیویٹ مشینری کا نام پر کروڑوں روپے کا مطالبہ کریگا جبکہ ادارے میں کے فنڈز پہلے سے انتہائی کم کردیے گئے ہیں، ہمارے غریب ملازمین کو دو سال سے ریٹائر منٹ کی گریجویٹی نہیں مل سکی پنشنرز تین ماہ کی پنشن ادا نہیں ہو پارہی ریگولر ملازمین بھی مایوس ہیں ہر ما ہ احتجاج کرکے ملتی ہے ایسے میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ٹھیکیدار کے حوالے کرنا بہت سے مسائل کا سبب بنے گا اور نہ ہی بلوچستان لیبر فیڈریشن ایسے کسی بلاجواز اقدام کی اجازت دے گی۔ ٹھیکیداری نظام کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن جیسے فعال ادارے کو تالے لگنے کے مترادف اور ایک سیاسی چال ہے بلوچستان لیبر فیڈریشن کوئٹہ کے سب سے بڑے فعال ادارے کے ملازمین اور مزدوروں کیخلاف سازش تصور کرتی ہے ٹھیکیدار اور اسکے کارندے تو اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور جلد ہی قبضہ مافیا کے ساتھ ملکر ادارے کے بچے کچے اثاثوں کہ ہتھیانے کیلئے قبضہ مافیا سے سودے کرنا شروع کردینگے، فیڈریشن ایسے کسی بھی بلاجوا اقدام اور شعبہ صفائی کی نجکاری کیخلاف بھرپور احتجاج کی کال دے گی اور کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور اسکے ملازمین و مزدوروں کے تحفظ کیلئے سخت لائحہ طے کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں