گوادر بندرگاہ پر چینی نئے سال کی تقریبات، اسکول طالبات کے چینی زبان میں ترانے
گوادر (انتخاب نیوز) گوادر پورٹ پر چینی نئے سال اور اظہار تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چین پاکستان گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کے بچوں نے اردو اور چینی زبان میں ترانے گائے اور چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی (COPHC) کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین چنگ باؤچونگ سے اپنی محبت اور خلوص کا اظہار کرنے کیلئے ان کا ہاتھ سے بنایا ہوا پورٹریٹ پیش کیا۔گوادر پرو کے مطابق چائنا بزنس سینٹر میں چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے زیر اہتمام اس تقریب میں مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے کمانڈر ویسٹ ریئر ایڈمرل امتیاز علی ایس آئی، پاک فوج کے 44 اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل احسن وقاص کیانی، چیئرمین جی پی اے پاسند خان بلیدی، یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمان قمبرانی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کاشف عالم تھے۔ گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چنگ باؤچونگ نے اپنے گہرے جذبات کا اظہار کیا جو وہ گوادر کی سرزمین اور عوام کے ساتھ رکھتے ہیں۔ چیئرمین نے کہا کہ مجھے گوادر پورٹ اور فری زون کی ترقی کے لیے مقامی لوگوں کی صلاحیتوں پر یقین ہے۔ مزید برآں انہوں نے گوادر کی صنعت کاری کے لیے سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ گوادر پرو کے مطابق چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پاسند خان بلیدی نے شرکاء کو اپنے تاثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے چیئرمین سی او پی ایچ سی کے لیے تعریفی کلمات کا اظہار کیا اور گوادر کی سماجی ترقی کے لیے چنگ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ بلیدی نے بندرگاہ اور فری زون کے آپریٹرز کو اپنے اور حکومت کی ہر طرح کی حمایت کا یقین دلا یا۔


