سرد موسم میں بھی ذمے داریاں نبھانے والے پولیو ورکرز معاشرے کا مسیحا اور ہیرو ہیں، قدوس بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے نامساعد موسمی حالات کے باوجود پوری لگن اور تندہی سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں،سرد موسم اور برف باری کے دوران بھی پولیو مہم کو احسن انداز سے جاری رکھنے پر تمام پولیو ورکرز اور متعلقہ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔یہ بات انہوں نے پولیو ورکرز کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو ورکرز صوبے کو پولیو فری بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیںپولیو ٹیمیں صوبے کے طول وعرض میں تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین عوام ، علمائ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے تعاون سے اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ کر کے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کا رواں پولیو مہم کے اہداف کے بھرپور حصول کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز معاشرے کا مسیحا اور ہیرو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں