لیویز فورس کے استعداد کار میں اضافے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ لیویز فورس بلوچستان میں پروفیشنلزم پر عمل پیرا ہوکر امن کی بحالی اور جرائم کے خاتمے کے لئے کلیدی کردار ادا کررہی ہے ماضی اور آج کی لیویز فورس میں بہت بدلائو آیا ہے لیویز فورس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لئے ان میںجدت لاتے ہوئے انہیں انسداد دہشت گردی اور جرائم سے نمٹنے کی جدید تربیت اور کورس کروائے گئے ہیں اس میں پاک فوج نے اپنا اہم کردار اد کرتے ہوئے لیویز فورس کے جوانوں کو مختلف شعبوں میں لائٹ کمانڈو کے ساتھ ساتھ مختلف طریقوں پر عمل پیرا ہوکر تربیت فراہم کی ہے لیویز نے ہرموقع پر اپنے فرائض کی بجا آوری کو یقینی بناتے ہوئے ڈلیور کرکے عوام کا اعتماد جیتا ہے،،آن لائن،، سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے حکومت بھی لیویز فورس کے استعداد کار میں اضافے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھارہی ہے کیونکہ حکومت اور فورس کا حتمی ہدف امن کا حصول اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی کو ممکن بنانا ہے کیونکہ پر امن ماحول ہی دیرپا پائیدار ہوکر اقتصادی ترقی اور مجموعی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ حکومت تمام اداروں کو لیویز فورس کی طرح اپنی ذمہ داری نبھاتے اور ڈلیور کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے لیویز فورس نے ہمیشہ ہر مشکل صورتحال اور حالات میں اپنے فرض کو ادا کرکے لوگوں کی مدد کی ہے حکومت نے لیویز فورس سمیت دیگر فورسز کو بھی وسائل اور سہولیات فراہم کی ہے لیویز نے جدت کو اپناتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بہتر فورس کے طور پر منوایا ہے جس طرح انہوں نے جرائم کا خاتمہ کرکے عوام کی مدد کرتے ہوئے انصاف کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ لیویز فورس کو ری ویپنگ منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات اٹھتے ہوئے انہیں مستحکم بنایا گیا ہے۔ تاکہ لیویز فورس کو جدید اسلحہ، سازو سامان اور پیشہ ورانہ مہارت کی تربیت دیکر منظم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ لیویز فورس کے طور پر عوام کے سامنے ان کی خدمت کے لئے لایا گیا ہے اور حکومت جرائم کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لئے لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے انہیں وسائل فراہم کررہی ہے۔ آج صوبہ بھرمیں لوگوں کی خدمت کرنے کے علاوہ جرائم چھٹکارا دلانے امن کی بحالی اور مشکلات میں پھنسے ہوئے لوگوں کی بھر پور مددکررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں