میسی کی ٹیم نے رونالڈو کی ٹیم کو ہرا دیا، میچ کا ٹکٹ 59 کروڑ روپے میں فروخت

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فرانسیسی کلب پی ایس جی اور رونالڈو کی سعودی آل اسٹار الیون کے درمیان کھیلا جانے والا نمائشی میچ میسی کی پی ایس جی نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔ کنگ فہد اسٹیڈیم میں میچ کے تیسرے ہی منٹ میں اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے پی ایس جی کے لیے گول کردیا۔ اس کے بعد کرسٹیانو رونالڈ نے 34 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول کرکے اسکور برابر کیا تاہم پی ایس جی نے 9 منٹ بعد پھر برتری حاصل کی۔پہلے ہاف کے آخری لمحات میں رونالڈو نے گول کرکے مقابلہ دو، دو سے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں پی ایس جی کے سرجیو ریموس نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی، تین منٹ بعد آل اسٹار کے جینگ ہیون نے پھر سے مقابلہ برابر کردیا، 60 ویں منٹ میں ایمباپے نے پنالٹی کک پر گول کر کے پی ایس جی کو پھر سے برتری دلائی جبکہ ایکٹیکے نے پی ایس جی کا پانچواں گول کیا۔ انجری ٹائم میں آل اسٹار الیون کے ٹیلسکا نے گول کرکے مقابلہ پانچ چار کردیا، اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔ واضح رہے کہ اس نمائشی میچ کو یادگار بنانے کے لیے سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی جانب سے اس میچ کے ایک خصوصی ٹکٹ کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی رقم چیریٹی کی جائے گی۔ ارجنٹائن کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے دوستانہ میچ کا ٹکٹ 59 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا۔ اس خصوصی ٹکٹ کا فائدہ یہ تھا کہ اسے خریدنے والے کو کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے ساتھ لاکر روم تک بھی رسائی حاصل تھی۔ سعودی عرب کے تاجر مشرف الغامدی نے 26 لاکھ ڈالرز یعنی 59 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے میں اس خصوصی ٹکٹ کو خریدا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں