معاہدہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گا ، پرویز الٰہی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی ، معاشی ، کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا، پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی۔ایوان وزیراعلی میں چو ہدری پرویز الٰہی سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران طاہر جاوید نے مختصر مدت میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلی چوہدری پرویزالٰہی کے مثالی اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر طاہر جاوید نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے 5سال کے کام 5 ماہ میں کئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے، پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے پر وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔دوران ملاقات وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ تجارتی، معاشی، کاروباری تعلقات میں اضافے کا باعث ہوگا، پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی، تعلیم،صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔چوہدری پرویزالٰہی نے کہاکہ یہ معاہدہ پنجاب اور کیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا، امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے، وزیراعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں۔


