افغان فوجی پناہ کی تلاش میں امریکا، میکسیکو کی سرحد پر گرفتار
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان سے طویل اور دشوار گزار سفر کے بعد امریکا میں پناہ کی تلاش میں جانے والے ایک افغان فوجی کو میکسیکو کی سرحد عبورکرنے کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس وقت وہ ریاست ٹیکساس میں تارکین وطن کے حراستی مرکزمیں قید ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عبدالواسع صافی نے اس کٹھن سفر میں ایک افغان فوجی کی حیثیت سے اپنی دستاویزات اپنے پاس سنبھال کر رکھی ہوئی تھیں۔ وہ امریکی فوج کے ساتھ کام کرتا رہا تھا۔ اس نے برازیل سے امریکا اور میکسیکو کی سرحد تک مہینوں طویل، خطرناک سفر طے کیا تھا۔ وہ اگست 2021 ءمیں امریکا کے افغانستان سے انخلاکے بعد افغان حکومت کی انتقامی کارروائی کے خوف سے ملک سے فرار ہوگیا تھا اور اس کو امید تھی کہ کاغذی کارروائی کی تکمیل کے بعد امریکا میں پناہ مل جائے گی لیکن ستمبر میں ٹیکساس کے ایگل پاس کے قریب امریکا اور میکسیکو کی سرحد عبورکرنے کے بعد واسع صافی کو وفاقی امیگریشن کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔اس وقت وہ ٹیکساس کے شہرایڈن کے حراستی مرکز میں قید ہے اور اس نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے اس کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔


