آن لائن لڈو کے جال میں پھنس کر پاکستانی لڑکی بھارت پہنچ گئی، بلوانے والا شہری بھی گرفتار

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پولیس نے پاکستان سے غیرقانونی طور پربھارت جانے والی 19سالہ لڑکی اور اسے غیر قانونی طور پر بھارت بلوانے والے شہری کو بھی گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق چھبیس سالہ ملائم سنگھ یادواترپردیش کا رہائشی ہے جبکہ اقرا جیوانی نامی لڑکی کا تعلق پاکستان کے شہرحیدرآباد سے ہے، ملائم سنگھ بنگلورمیں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کرتا تھا اور لڑکی سے اس کا رابطہ گیمنگ ایپ پرہوا۔ دونوں آن لائن گیم لڈو کھیلا کرتے تھے۔پاکستان میں باربارکی جانے والی واٹس ایپ کالز نے بنگلور پولیس کو اقراء کا سراغ لگانے میں مدد کی۔ بنگلورو پولیس کے مطابق لڑکی بوائے فرینڈ سے شادی کرنے کیلئے غیر قانونی طور پر بھارت میں میں داخل ہوئی تھی اور شہر میں رہنے کیلئے جعلی شناخت اختیارکی۔ملزم کے مطابق اقرا سے 2022میں رابطہ ہوا اور پھرمحبت ہوگئی، نومبر میں اسے نیپال بلایا جہاں سے غیرمحفوظ سرحد کے ذریعے بھارت میں داخلہ ممکن ہوا، جوڑنے نے نیپال میں ہی شادی کی اورپھر بہار پہنچے۔ دونوں بعد میں بنگلورو آئے اور جناسندرا میں کرائے کے مکان میں رہنے لگے، جہاں یادو نے سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی نے اپنا نام بدل کر روا یادو رکھ لیا تھا، اس نے پاسپورٹ کیلئے درخواست دے رکھی تھی اوروالدین بہن بھائیوں سے رابطے میں تھی۔ وہ تقریبا ہرروزاپنے گھر والوں کو واٹس ایپ کال کرتی تھی جنہیں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)کے اہلکاروں نے کالز کو ٹریس کیا اور یوں یہ جوڑا پکڑا گیا۔پولیس نے ملائم سنگھ یادیواوراس مکان کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جہاں دونوں رہائش پذیرتھے۔ گرفتاری کے بعد لڑکی کو ایف آر آراو (فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس)کے حوالے کر دیا گیا۔ بعد ازاں اسے خواتین کے لیے مختص اسٹیٹ ہوم میں بھیج دیا گیا۔ملزم کیخلاف ایف آئی آردھوکہ دہی، شادی چھپانے، غیر ملکی کی بھارت میں موجودگی کی اطلاع نہ دینے اور کاغذات میں غیرقانون تبدیلی کرنے جیسے الزامات کے تحت درج ہوگئی ہے۔مکان مالک گووندا ریڈی کیخلاف غیرملکی ایکٹ 1946کے سیکشن 7کے تحت غیر ملکی کے بارے میں پولیس کو آگاہ نہ کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ملزم جاسوسی کی کسی سرگرمی میں ملوث تو نہیں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں