فواد چودھری کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور، پیر کو عدالت میں پیشی کا حکم

اسلام آباد (انتخاب نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے فواد چودھری کو تھانہ کوہسار کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سوا تین بجے پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان کے جسمانی ریمانڈ کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کیا جو اب سنا دیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چودھری کو پیر کے روز عدالت میں پیش کرنےکا حکم دیا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں فواد چودھری کے کیس میں ان کے وکیل بابر اعوان دلائل دیے۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کیخلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں اسلام آباد پولیس نے فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کا فیصلہ چیلنج کیا۔ سیشن جج طاہر محمود خان نے اسلام آباد پولیس کی اپیل پر سماعت کے دوران استفسار کیا کہ دو دن کے جسمانی ریمانڈ میں کیا تفتیش کی۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دو دن کا جسمانی ریمانڈ ملا مگر عملی طور پر ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ملا، فواد چودھری کا فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ کرانا ہے، فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ لاہور میں پنجاب فارنزک لیب میں ہونا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے پولیس کی اپیل پر فواد چودھری کو ساڑھے 12 بجے تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔ فاضل جج کا کہنا تھا جسمانی ریمانڈ کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں