بی اے پی جس مقصد کیلئے بنائی گئی وہ پورا نہیں ہو رہا، ناراض اراکین سے رابطے ہیں، سرفراز بگٹی

کوئٹہ :بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء و سینیٹر میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی جس مقصد کیلئے بنائی گئی تھی اس مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جماعت کے ناراض اراکین سے رابطے کر کے انہیں واپس فعال بنا کر آنے والے انتخابات میں جماعت کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ گزشتہ دنوں پارٹی کے رہنماء چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی کی قیادت میں پارٹی کے سینیٹرز اور دیگر اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، جماعت کے سینیٹرز مرکزی سیکرٹری جنرل منظور احمد کاکڑ،نصیب اللہ خان بازئی، ثناء جمالی، دنیش کمار، رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان، میر احسان اللہ ریکی، اور میں بھی شریک تھا،اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کی غیر فعالیت اور ساتھیوں کی ناراضگی کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی قائمقام گورنر میر جان محمد جمالی کی کوشش ہے کہ جماعت کو فعال اور مضبوط بنایا جائے، اسی حوالے سے چیئرمین سینٹ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تنظیمی اور سیاسی امور کے علاوہ پارٹی کو فعال کرنے کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث لائے گئے میر سرفراز احمد بگٹی کا کہنا تھا کہ بی اے پی جس مقصد کیلئے بنائی گئی تھی وہ مقصد پورا نہیں ہو رہا اور ساتھیوں کے جو بھی خدشات اور تحفظات ہیں انہیں دور کرتے ہوئے جماعت کو ٹوٹنے سے بچا کر اسے مزید مضبوط اور فعال بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ پارٹی کے ناراض ساتھیوں سے رابطے کر کے انہیں متحرک کیا جائے، تاکہ آنے والے الیکشن میں پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیا جائے اور پارٹی کو ٹوٹنا نہیں چاہئے، جس مقصد کیلئے پارٹی قائم کی گئی تھی اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے مختلف فیصلے کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں