انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات پاکستان کے کونے کونے تک پہنچائیں گے، معاون خصوصی وزیراعظم

گوادر (انتخاب نیوز) ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد اور ملک کے معروف ٹیکنالوجی ادارے ایگنائٹ کے زیر اہتمام تربت یونیورسٹی کے لا فیکلٹی کے ایڈیٹوریم میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجی اسکلز کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میںوظیفہ سرٹیفیکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صادق افتخار تقریب کے مہمان خاص تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں صوبائی مشیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لالہ رشید دشتی ، سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد ، ڈین فیکلٹی آف لا ڈاکٹر گل حسن بلوچ ، ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محسن جاوید ، پروجیکٹ ڈائریکٹرورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ظفر علی علوی ، تربت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر منصور بلوچ ، رجسٹراریونیورسٹی آف تربت گنگوزار بلوچ ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز یونیورسٹی آف تربت اعجاز احمد بلوچ ،یونیورسٹی آف گوادر کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور بلوچ ، یونیورسٹی آف گوادر کے رجسٹرار دولت خان، سابقہ جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ شکیل احمد بلوچ ، فیکلٹی ممبران، اساتذہ ، طلبا اور طالبات سمیت صحافیوں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صادق افتخار نے کہا کہ حکومت پاکستان کا ایک وژن ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات کو ملک کے کونے کونے میں پہنچا دیا جائے تاکہ ہمارے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کراپنے ہی گھر میں بیٹھ کر آمدنی کے ایک بہترین ذریعہ سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دنیا انٹرنیٹ کی موجودگی کی وجہ سے ایک گلوبل ولیج بن چکا ہے اور اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر اپنے عوام کو تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کریں۔اس موقع پر انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کو اپنے منصوبوں میں بھی شامل کیا ہے۔ اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لالہ رشید دشتی نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی اور اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا اپنی قوم کو ترقی کے راستے میں گامزن کردیں۔اس دوران انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کی انتظامیہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ورچوئل یونیورسٹی کی کیمپس کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی کے حوالے سے بہت جلد کوئٹہ جاکر متعلقہ حکام سے بات کریں گے تاکہ تربت میں ورچوئل یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تعمیر کا جلد از جلد آغاز کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں